اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے تہران میں عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عراق اس وقت علاقے میں اچھی پوزیشن میں ہے اور اس ملک میں امن کی برقراری اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ اس ملک کی قوم مکمل ذہین و ہوشیار ہے اور عراق ایک مضبوط فوج کا مالک ہے۔
انھوں نے کہا کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے دہشت گردوں کے مقابلے میں میدان عمل میں آکر ان عناصر کو نابود کر دیا۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران و عراق کے درمیان سیکورٹی و پارلیمانی تعلقات اور اقتصادی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی۔
اس موقع پر عراق کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے بھی ایران و عراق کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ مستحکم بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغداد کی حکومت اپنے ملک کی سرزمین کو کسی پڑوسی ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کے لئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
انھوں نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراق کے لئے ایران کی مدد و حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیرونی ملک کی فوجی موجودگی حکومت بغداد کی درخواست و دعوت پر ہے جو دہشت گردی کے خلاف بغداد کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲